ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناورمیں پریش میستاکی مشکوک موت اور فساد:عدالت میں حاضری کے لئے ملزمین بنگلورو کے چکر لگانے پر مجبور

ہوناورمیں پریش میستاکی مشکوک موت اور فساد:عدالت میں حاضری کے لئے ملزمین بنگلورو کے چکر لگانے پر مجبور

Tue, 04 Feb 2020 12:21:47    S.O. News Service

ہوناور4/فروری (ایس او نیوز) ہوناور میں دسمبر 2018کوپریش میستا نامی نوجوان کی مشکوک حالت میں ہوئی موت کے بعدضلع کے مختلف مقامات پر فساد اور لوٹ مار کی وارداتیں پیش آئی تھیں۔ اس معاملے کو فرقہ وارانہ دے کر پورے ضلع میں کشیدگی پھیلائی گئی تھی۔

 پولیس نے کڑی کارروائی کرتے ہوئے فساد پھیلانے کے الزام میں سیکڑوں ہندو نوجوانوں پر مقدمات درج کیے تھے۔جن میں منتخب عوامی نمائندے بھی شامل ہیں۔پریش میستا کی مشکوت حالت میں موت کی تحقیقات تو سی بی آئی کررہی ہے۔مگر فساد اور کشیدگی پھیلانے کے معاملات عدالت میں چل رہے ہیں۔چونکہ منتخب عوامی نمائندوں کا نام بھی ملزمین میں شامل ہے اس لئے اس معاملے کو کمٹہ سے بنگلورو کی خصوصی عدالت(کورٹ آ ف ریپریزنٹیٹیوز)میں منتقل کیاگیا ہے۔ اس لئے ملزمین کو عدالت میں حاضری کے لئے بنگلورو کے چکر لگانے پر مجبور ہونا پڑا ہے

  کمٹہ کے موجودہ ایم ایل اے دینکر شیٹی کا نام بھی ملزمین کی فہرست میں شامل ہے۔ پچھلی سماعتوں کے دوران عدالت میں حاضر نہ ہونے پر 97 ملزمین کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ 

 پتہ چلا ہے کہ 108ملزمین کے ساتھ بی جے پی کے رکن اسمبلی دینکر شیٹی بھی3فروری کوعدالت میں حاضر ہوئے۔سابقہ سماعتوں میں غیر حاضر ملزمین جب عدالت میں حاضر ہوئے تو ان کے خلاف جاری کیاوارنٹ واپس لیتے ہوئے ان پر فی کس 50روپے جرمانہ لگایا گیا۔جن108ملزمین کے خلاف وارنٹ جاری ہواتھا ان میں سے 4ملزمین اس سماعت کے دوران بھی غیر حاضر ہی رہے۔اب اگلی سماعت 9مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔معلوم ہو اہے کہ رکن اسمبلی دینکرشیٹی نے تمام ملزمین کو بنگلورو لے جانے اور لانے کے لئے کمٹہ سے ۲ بسوں کا انتظام کیا تھا۔

بی جے پی حکومت برسراقتدار آتے ہی پریش میستا کی موت کے بعد پرتشدد مظاہرین پر سدارامیا حکومت کے دور میں دائر کیے گئے مقدمات فوری طور پر واپس لینے کی بات مشہور ہوگئی تھی۔ خو د کاروار، انکولہ حلقہ کی رکن اسمبلی روپالی نائک نے نوجوانوں کو یقین دلایا تھا کہ ان پر پولیس کے ذریعے دائر کیے گئے تمام مقدمات واپس لیے جائیں گے۔مگر اب ایسا لگتا ہے کہ یہ بھی محض’جملہ بازی‘تھی اور پبلسٹی کی حد تک یہ بیانات دئے گئے تھے۔ عملی طور پر ملزمین آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق عدالت میں حاضر ہونے کے بعدرکن اسمبلی دینکر شیٹی کی قیاد ت میں بی جے پی کے قائدین نے ہوم منسٹر بسواراج بومائی  سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ پریش میستا کی موت کے بعد ہوئے فساد میں ملزم بنائے گئے افراد پر سے مقدمات واپس لیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں بے قصور پر مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ان لوگوں کو عدالت کے چکر کاٹنا پڑ رہا ہے۔وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد دینکر شیٹی نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے کابینہ کی اگلی توسیع کے موقع پر مقدمات واپس لینے کی تجویز وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے سامنے رکھنے اور ضروری کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے۔

بی جے پی کے ایک لیڈر ہیمنت گاؤنکر نے بتایا کہ ملزمین کے لئے بنگلورو جانے آنے اور کھانے پینے کا سب انتظام رکن اسمبلی دینکر شیٹی نے ہی کیا تھا۔ہمیں پورا یقین ہے کہ عدالت میں اگلی سماعت سے قبل یہ مقدمات واپس لیے جائیں گے۔


Share: